نیویارک۔ملت ٹائمز
امریکہ میں زکا وائرس کے جنسی طور پر منتقل ہونے کا پہلا معاملہ منظر عام پر آیا ہے جبکہ آسٹریلیا میں بھی حکام کا کہنا ہے کہ اس وائرس سے متاثرہ دو مریض سامنے آئے ہیں۔امریکی ریاست ٹیکساس میں طبی حکام کا کہنا ہے کہ دی سنٹرز فار ڈیزیز کنٹرول نے ڈیلس کاؤنٹی میں ایک مریض کے زکاوائرس سے متاثرہ ہونے کی تصدیق کی ہے ،بظاہر اس مریض نے وائرس سے متاثرہ ملک سے واپس آنے والے کسی فرد کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کیے تھے جس سے وائرس اس میں منتقل ہوگیا،تاحال امریکہ میں مچھروں کے ذریعے زکا وائرس کے منتقل ہونے کے شواہد نہیں ملے ۔ڈیلس کاؤنٹی کے ہیلتھ اینڈ ہیومن سروسز کے ڈائریکٹر زچرری ٹامسن کا کہنا ہے کہ اب جبکہ ہم جان چکے ہیں زکا وائرس جنسی طور پر بھی منتقل ہوسکتا ہے ، اس حوالے سے ہمیں اپنے اور دوسروں کے تحفظ کے لیے عوامی آگاہی مہم بڑھانی ہے ۔امریکہ میں ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ زکا وائرس سے متاثر علاقوں سے آنے والے افراد کم از کم چار ہفتے تک خون کا عطیہ نہ دیں۔ایک بیان میں ریڈکراس نے کہا کہ میکسیکو، ویسٹ انڈیز ، وسطی یا جنوبی امریکی ممالک سے آنے والے لوگ اپنے طور پر احتیاط برتیں۔خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے زکا وائرس کو عالمی سطح پر خطرہ قرار دیا جاچکا ہے اور اس حوالے سے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں۔