اسلام آباد(ملت ٹائمز؍ایجنسیاں)
کشمیر امور اور گلگت بلتستان کے وفاقی وزیر محمد برجیس طاہر نے پاک۔ چین اقتصادی کوریڈورمنصوبے میں ہندوستان کی شمولیت کو مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط کردیا ہے ۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر نے کہا کہ” اگر اقتصادی راہداری پروجیکٹ کا حصہ بننے کی خواہش ہے تو ہندوستان کو مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں حل نا ہوگا”۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بات چیت کے ذریعے ہندوستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل کو حل کرنے کا خواہاں ہے ، جس میں کشمیر بھی شامل ہے ۔لیکن، حکومت ہند اصل حقائق کو چھپانے کیلئے کشمیر میں طاقت کا بے جا استعمال کررہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے جائز موقف اور ان کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے اور ایسا کرتا رہے گا۔انھوں نے کہا کہ کشمیری باشندے طویل عرصہ سے اقوام متحدہ کی منظور کردہ قرار دادوں پر عمل درآمد کا انتظار کررہے ہیں، انھوں نے عالمی برادری سے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔