نئی دہلی-تہران: (ملت ٹائمز) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کو متعصبانہ اور نفسیاتی جنگ کا حصہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا جس میں کہا گیا تھا کہ ایران سعودی عرب میں اہداف پر حملے کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
ایران کی مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے صحافیوں کے سوال کے جواب میں وال اسٹریٹ جرنل میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کو مسترد کردیا جس میں کہا گیا تھا کہ خطے کے ایک ملک سے سعودی عرب کو کچھ خطرات لاحق ہیں اور اس سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران پر لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات کے بارے میں کہا کہ اس قسم کی جانبدارانہ خبریں بعض مغربی اور صہیونی حلقوں کی طرف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف منفی ماحول کو پھیلانے اور خطے کے ممالک کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات کے موجودہ رجحانات کو تباہ کرنے کے مقصد سے پیش کی جاتی ہیں۔
ایران کے ترجمان نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے پڑوسیوں کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر اور بین الاقوامی اصولوں اور ضابطوں کے دائرے میں رہتے ہوئے اچھی ہمسائیگی کی پالیسی کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کا مؤقف ہے کہ خطے میں استحکام اور سلامتی کا قیام اور فروغ اپنے پڑوسیوں کے ساتھ تعمیری بات چیت کے ذریعے ممکن ہے اور اس پالیسی کو سنجیدگی کے ساتھ جاری رکھے گا۔
ؒ خیال رہے کہ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے منگل کو اپنی ایک رپورٹ میں ایسے وقت میں کہ جب ریاض اور واشنگٹن کے تعلقات کشیدہ ہیں، ایران کے خلاف ماحول سازی کو جاری رکھتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب نے اپنی سرزمین میں اہداف پر ممکنہ حملے کے بارے میں امریکہ کے ساتھ معلومات شیئر کی ہیں۔اس بنیاد پرست امریکی اخبار نے دعویٰ کیا کہ مشرق وسطیٰ میں امریکی فوج اور دیگر افواج نے الرٹ لیول بڑھا دیا ہے۔