غزہ : رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی، سات بچوں سمیت 21 ہلاک

غزہ: غزہ کی پٹی میں جمعرات کو ایک عمارت میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق صحت اور سول ایمرجنسی کے حکام نے بتایا ہے کہ آتشزدگی سے اب تک کم از کم 21 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق جمعرات کو شمالی غزہ کی پٹی میں واقع گنجان آباد جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں چار منزلہ رہائشی عمارت کی اوپر والی منزل کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر فائٹرز کو آگ پر قابو پانے کے لیے ایک گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگا۔

غزہ کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اس جگہ پر بڑی مقدار میں پیٹرول ذخیرہ کیا گیا تھا جس سے آگ بھڑک اُٹھی۔ ایمبولینسز نے متعدد زخمیوں کو مقامی ہسپتالوں میں منتقل کیا جبکہ اسرائیل جس نے مصر کے ساتھ مل کر غزہ کی ناکہ بندی کر رکھی ہے، کہا کہ وہ ان افراد کو علاج کی اجازت دے گا جنہیں طبی امداد کی ضرورت ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ وہ چیخیں سن سکتے تھے لیکن آگ کی شدت کی وجہ سے اندر (عمارت میں) موجود افراد کی مدد نہیں کر سکے۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے اس واقعے کو ‘قومی سانحہ’ قرار دیتے ہوئے یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔

فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکریٹری جنرل حسین الشیخ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ‘فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ غزہ کے ساتھ ایریز کراسنگ کو کھولے تاکہ زیادہ زخمی افراد کو ضرورت پڑنے پر انکلیو سے باہر لے جایا جا سکے۔’

انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ‘صدر نے ہر طرح کی طبی امداد فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں۔’ اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ کے امن مندوب نے اپنی ٹوئٹر پوسٹ میں اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے ‘دلی تعزیت’ کا اظہار کیا۔ جبالیہ غزہ کے آٹھ پناہ گزین کیمپوں میں سے ایک ہے جہاں 23 لاکھ افراد رہائش پذیر ہیں اور یہ دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد علاقوں میں سے ایک ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com