ترکیہ میں زلزلہ کے شدید جھٹکے، متعدد افراد زخمی

انقرہ: مغربی ترکیہ میں بدھ کی صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.0 بتائی گئی ہے۔ ترکی کے محکمہ آفات وایمرجنسی مینجمنٹ نے ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ زلزلے کا مرکز ملک کے سب سے بڑے شہر استنبول سے تقریباً 210 کلومیٹر دورصوبہ دوجسہ کے شہر گولکایا میں تھا۔ آج سویرے 4.08 بجے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس کے علاوہ استنبول، دارالحکومت انقرہ اور ملک کے دیگر حصوں میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ آج صبح سے ہی 35 زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کرکے سوتے ہوئے لوگوں کی نیند کھل گئی اوروہ گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد متاثرہ علاقوں کی بجلی منقطع کردی گئی۔ وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے این ٹی وی پر بتایا کہ 22 افراد کو زخمی حالت میں مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جو زلزلے کے جھٹکے محسوس کرنے کے بعد اپنے گھروں سے باہر بھاگتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے۔ زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کرتے ہوئے بہت سے لوگوں نے گھبراہٹ میں بالکونیوں یا کھڑکیوں سے چھلانگ لگا دی اور وہ زخمی ہوگئے۔ ان میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ اسکولوں کو احتیاط کے طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com