پاکستان: اسلام آباد میں پولیس چیکنگ کے دوران کار سوار نے خود کو دھماکے سے اڑایا، ایک پولیس اہلکار ہلاک، متعدد زخمی

اسلام آباد: پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سیکٹر آئی ٹین میں دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں ہائی الرٹ کی وجہ سے چیکنگ چل رہی تھی اور اس دوران پولیس اہلکاروں نے مشکوک گاڑی کو چیکنگ کے لیے روکا۔

انہوں نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ گاڑی رکتے ہی خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین شہید ہو گیا۔ اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ صبح سوا 10 بجے ایک مشکوک ٹیکسی آرہی تھی جس میں ایک مرد اور ایک خاتون سوار تھے، پولیس کے ایگل اسکواڈ نے مشکوک سمجھتے ہوئے انہیں روکا اور ان کی تلاشی لی۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے اسلام آباد سیکٹر آئی 10 میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کو روکا، قوم اپنے بہادروں کو سلام پیش کرتی ہے، پوری قوم مل کر دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی سے مذموم منصوبہ ناکام ہوگیا، عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com