بھوپال: مدھیہ پردیش کانگریس نے آج ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ آگرمالوا ضلع میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا ایک مقامی لیڈر پانچ لاکھ روپے کی رشوت لے رہا ہے۔ ریاستی کانگریس کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے صدر کے کے مشرا نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے تقریباً 50 سیکنڈ کا ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ آگر میں بی جے پی بلاک صدر، خودکشی کے معاملے میں ملزم سے پانچ لاکھ روپے لیتے ہوئے کیمرے میں قید۔ انہوں نے ریاست کے مختلف اضلاع میں حال ہی میں قانون و انتظام سے متعلق کچھ حالیہ واقعات کا بھی ذکر کیا اور امن و قانون پر سوالات اٹھائے۔
کے کے مشرا نے لکھا ہے ”ساگر سے آگر بے حال۔ پنا میں غیر قانونی کانکنی، وزیر معدنیات کے بھائی نے چلائی گولی۔ ٹیکم گڑھ، کھدائی تنازعہ، بی جے پی ایم ایل اے کے حامیوں نے پولیس کو پیٹا۔ نرمداپورم، بی جے پی کے دو دھڑوں میں ریوالور نکلی۔ آگر میں بی جے پی بلاک صدر، خودکشی کے معاملے میں ملزم سے 5 لاکھ لیتے ہوئے کمیرے میں قید۔ ساگر میں اے ایس آئی کا اغوا، غنڈا راج۔ کانگریس کے کچھ دوسرے لیڈروں نے بھی بی جے پی لیڈر کے مبینہ طور پر رشوت لینے کا ویڈیو وائرل کیا ہے۔