ترکیہ اور شام میں زلزلہ سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سات ہزار سے متجاوز

پیر کو ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کے آنے والے زلزلے میں منگل کو ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 7000 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ترکیہ میں مرنے والوں کی تعداد تقریباً 5000 تک پہنچ گئی ہے جب کہ ہمسایہ ملک شام میں ہلاکتوں کی تعداد کم وبیش 2000 تک پہنچ گئی ہے۔ دونوں ممالک میں ریسکیو آپریشن ابھی جاری ہے جس کی وجہ سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ ترک صدرنے ملک کے زلزلے سے متاثر ہونے والے صوبوں میں تین ماہ کی ایمرجنسی کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

انقرہ: ترکیہ اور پڑوسی ملک شام میں پیر کی صبح آنے والے شدید زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد 7000 سے تجاوز کرگئی ہے اور 20,000 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ترکیہ میں تقریباً 5000 افراد ہلاک اور 20,426 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ جب کہ ہمسایہ ملک شام میں ہلاکتوں کی تعداد کم وبیش 2000 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 3,548 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ترکیہ کے محکمہ آفات و ایمرجنسی انتظام کے سربراہ نے بتایا کہ ملک میں 6,217 عمارتیں منہدم ہو چکی ہیں اور دو شدید زلزلوں کے بعد تقریبا 243 آفٹر شاکس بھی آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں 16,400 امدادی کارکن متاثرہ علاقوں میں سرگرم ہیں۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے تباہ کن زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے دس صوبوں میں تین ماہ کی ایمرجنسی کا اعلان بھی کردیا ہے۔ اور متاثرہ 10 شہروں کو آفت زدہ زون کا حصہ قرار دیا۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ جیسا کہ 7.8 شدت کے زلزلے سے ہونے والی تباہی کا پیمانہ سامنے آرہا ہے اس سے یہ اندازہ ہو رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 20,000 سے تجاوز کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ترکیہ کے جنوبی صوبے کہرامانمارس میں پیر کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 17 منٹ پر 7.8 شدت کا زلزلہ آیا۔ اس کے بعد کم از کم 78 جھٹکے محسوس کیے گئے۔ لبنان، اسرائیل اور قبرص میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمام شہری جو زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں کہ ہم جلد از جلد اور کم سے کم نقصان کے ساتھ مل کر اس آفت سے نکل آئیں گے۔ اردوغان نے مزید کہا کہ ملکی تاریخی میں یہ سب سے شدید زلزلوں میں سے ایک ہے اور 1939 کے بعد ملک میں آنے والی یہ سب سے بڑی آفت ہے جس میں ہزاروں گھر منہدم ہوگئے ہیں۔

ترک حکومت نے ملک میں سات روز کے سوگ کا بھی اعلان کردیا ہے۔ اور ملک میں ہنگامی پیمانے پر بچاو و رسانی کا کام عالمی پیمانے پر جاری ہے کیونکہ درجنوں ممالک نے اپنی ریسکیو ٹیم کو ترکیہ کی مدد کے لیے بھیج چکے ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ جنوب مشرقی ترکیہ میں 7.8 شدت کا شدید زلزلے سے کئی شہروں میں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جب کہ پڑوسی ملک شام میں بھی نقصان ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق زلزلہ اس وقت آیا جب زیادہ تر لوگ اپنے گھروں میں سو رہے تھے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com