خیروا میں اصلاح معاشرہ کانفرنس کا انعقاد ، کثیر تعداد میں لوگوں نے کی شرکت
موتیہاری: (فضل المبین) ضلع کے ڈھاکہ حلقہ کی مردم خیز بستی خیروا کے اندر مسلمانوں میں بڑھتے ارتداد کے خطرات نیز سماج میں پھیلی بدعنوانیوں کے پیش نظر اصلاح معاشرہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں فرزندان توحید نے شرکت کی ۔
اجلاس کے مہمان خصوصی حضرت مولانا مفتی محمد جنید عالم صاحب ندوی قاسمی صدر مفتی معہد الدراسات العلیا پھلواری شریف پٹنہ نے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ : اللہ تعالیٰ کا ہم پر ایک بہت بڑا احسان ہے کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک کا یہ مہینہ عنایت فر مایا جس میں تمام دنیا ئے مسلمان روزہ رکھ کر اللہ تعالیٰ کی نعمتوں اور فضلوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یہ وہ مہینہ ہے جس میں کثرت سے آسمانی رحمتوں اور فضلوں کا نزول ہوتا ہے۔ اس ماہ کی فضیلت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس ماہ تمام شیاطین جکڑ دئے جاتے ہیں۔ اس کے پہلے عشرہ میں خدا تعالیٰ کی رحمتیں نازل ہوتی ہیں، درمیانی عشرہ میں گناہوں کی بخشش اور مغفرت ہوتی ہے، اور آخری عشرہ میں لوگوں کو دوزخ کے عذاب سے نجات دی جاتی ہے بشرط کہ وہ روزے سچے دل اور اخلاص سے رکھیں اور اپنے ربّ کے حضور بہت دعائیں کریں کیونکہ اللہ تعالیٰ درد سے بھری ہوئی دعائیں کبھی ردّ نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ:
یہ مہینہ وہ ہے جس میں انسان روزہ رکھ کر اپنے نفس پر قابو پانا سیکھتا ہے، اور مسلسل ذکر الہٰی، نوافل اور تہجد کے ادا کرنے سے انسان اپنے ربّ کے اور بھی قریب ہو جاتا ہے ۔
جمعیت علماء مشرقی چمپارن کے جنرل سکریٹری مولانا جاوید عالم قاسمی نے کہا کہ: ملک کی آزادی کے بعد سے تقریباً ۷۰ سال جمعیت علماء ہند نے مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لئے صحیح ترجمانی کرکے ہمیشہ تعمیری کاموں پر زور دیا۔ تقسیم ہند کے بعد ہندوستانی مسلمانوں کے لئے سب سے بڑا مسئلہ ان کے دین کی حفاظت تھی کیونکہ شمالی ہندوستان کی بعض ریاستوں سے مسلمان بڑی تعداد میں پاکستان چلے گئے تھے۔ مولانا ابوالکلام آزادؒ نے اسی موقع پر فرمایا تھا کہ اگر آپ نے مسلمانوں کے دین کی حفاطت کرلی تو آپ نے اس ملک کے اندر بڑا کام کرلیا۔ چنانچہ جمعیۃ علماء ہند نے مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی۔ جمعیۃ علماء ہند نہ صرف قرآن و حدیث کی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کرتی ہے بلکہ کالج ویونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والے مسلم طلبہ و طالبات کو وظائف دے کر ان کو عصری علوم کے حصول کے مواقع بھی فراہم کراتی ہے
اجلاس کا آغاز قاری ذوالفقار علی مدرس مدرسہ تجویدالقرآن خیروا کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا جبکہ مولانا تبریز عالم مظاہری اور مولانا مصطفی نے نعت نبی پیش کیا بعدہ مولانا محمد جاوید مظاہری نے پروگرام کے اغراض و مقاصد سے لوگوں کو واقف کرایا ۔
اجلاس کی نظامت مولانا نذر المبین ندوی امام خطیب جامع مسجد ڈھاکہ اور مولانا محمد اکرم جنیدی نے کی ۔ خطبہ استقبالیہ حافظ فضل المبین نے پیش کیا ۔ اخیر میں اجلاس کا اختتام اجلاس کے صدر مولانا عبدالسلام قاسمی صدرالمدرسین آزاد مدرسہ اسلامیہ ڈھاکہ کی دعاؤں پر ہوا ۔
موقع پر قاضی اطہر جاوید قاسمی ، مولانا قاری ساجد مظاہری ، مولانا عطاء اللہ مظاہری ، مفتی ثناء اللہ قاسمی ، مفتی محمد احمد قاسمی ، مفتی رحمت اللہ قاسمی ، مولانا حسین اختر ، مفتی نثار احمد ، مولانا مجیب الرحمٰن مظاہری ، قاری علاؤالدین ایمانی ، قاری منور حسین ، کے علاوہ کثیر تعداد میں علماء ائمہ اور دانشوران قوم و ملت نے شرکت کی ۔
پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرانے میں محمد اابوالقیس ، محمد مختار عالم ، اعجاز عالم گڈو ، اشتیاق احمد ، ابرار عالم ، اکرام الحسن ، حافظ انظار عالم ، فیاض ارشد ، فقیہ عالم ، ابوالفضل سیف ، توقیر عالم ، نداء الامین ، یاسر ، ناصر قمر فاروق سمیت باشندگان خیروا نے اہم کردار ادا کیا ۔