عرب پارلیمنٹ کے اسپیکر عادل بن عبدالرحمٰن العسومی نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے اس اعلان کو سراہا ہے جس میں انہوں نے فلسطینی شہداء ، اسیران اور زخمیوں کےخاندانوں کے ایک ہزار افراد کے حج کی میزبانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے ایک ہزار فلسطینیوں کے حج کی میزبانی کے اعلان کو سعودی عرب کی طرف سے قضیہ فلسطین کی منصفانہ حمایت اور فلسطینی قوم کےساتھ یکجہتی کی عمدہ مثال قرار دیا۔
کل ہفتے کے روز ایک بیان میں عرب پارلیمنٹ کے اسپیکر نے سعودی عرب کی طرف سے فلسطینی کاز کے لیے فراہم کی جانے والی مسلسل حمایت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ان کے قابل اعتماد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں ایک ہزار فلسطینیوں کے حج کی سرکاری سطح پر میزبانی فلسطینی شہداء کے خاندانوں کے حوالے سے گہری دلچسپی اور ان پر توجہ دینے اور ان کے مقام و مرتبے کا اعتراف ہے۔
عرب پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرف سے ایک ہزار فلسطینیوں کے حج کی میزبانی سے بالعموم پوری فلسطینی قوم بالخصوص شہداء، زخمیوں اور اسیران کے خاندانوں کی تکالیف کم کرنے میں مدد ملے گی۔
العسومی نے کہا کہ عرب پارلیمنٹ کا فلسطینی کاز کی مضبوط اورپرعزم حمایت پر مبنی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ عرب پارلیمنٹ مسئلہ فلسطین کو عرب دنیا کا مرکزی اور پہلا عرب کازتصور کرتی ہے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ان کے تمام دیرینہ حقوق بشمول حق خود ارادیت دینے اور ان کی آزادی کے لیے کی جانے والی عالمی مساعی کو موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود نے جنگ سے متاثرہ ایک ہزار فلسطینیوں کے حج کی میزبانی کا اعلان کیا تھا۔
(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)