غزہ – تل ابیب: (ایجنسیاں) الشفا اسپتال کے بعد اب اسرائیلی فوج نے غزہ کے ایک اور اسپتال کا چاروں طرف سے ٹینکوں سے محاصرہ کر لیا ہے۔ اس کا نام انڈونیشیا اسپتال ہے، یہ انڈونیشیا کی مدد سے بنایا گیا تھا۔ قطری میڈیا ہاؤس الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی حملے میں اسپتال کا سرجری روم مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے، کچھ ڈاکٹر اور مریض بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔ کویت کے ایک اسکول پر اسرائیلی ٹینکوں کے حملے کے بارے میں بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ وہیں اسرائیل نے الشفا اسپتال کے نیچے ایک سرنگ کی فوٹیج بھی جاری کی ہے۔ یہ سرنگ 55 میٹر لمبی بتائی جاتی ہے۔ ویڈیو میں ایک اسرائیلی فوجی کو سرنگ میں اترتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق سرنگ میں خفیہ فائرنگ کے لیے ایک سوراخ بھی ہے۔ حماس کے جنگجو یہاں سے حملے کر رہے تھے۔
حماس نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔ حماس نے کہا ہے کہ یرغمال اسرائیلی خاتون فوجی جس کی لاش الشفا اسپتال کے قریب سے ملی تھی، وہ اسرائیلی بمباری میں ماری گئی تھی۔ اسی دوران اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے کہا کہ بمباری میں صرف حماس کا ایک جنگجو مارا گیا، یرغمال خاتون کو معمولی چوٹیں آئیں اور بعد میں حماس کے جنگجوؤں نے اسے قتل کردیا۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ 31 قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو الشفا اسپتال سے نکال کر جنوبی غزہ کے رفح منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق نہ تو ان کے والدین اور نہ ہی خاندان کا کوئی فرد ان بچوں کے ساتھ ہے۔ ان کے اہل خانہ کو تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تمام نوزائیدہ بچوں کو رفح سے مصر لے جایا جائے گا۔ اسرائیلی فوج تقریباً ایک ہفتہ سے الشفا اسپتال میں آپریشن کر رہی ہے۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ حماس نے اسرائیلی یرغمالیوں کو اسپتال میں چھپا رکھا تھا۔ آئی ڈی ایف نے ایک ویڈیو جاری کیا ہے۔ اسے یرغمال قرار دیا گیا ہے۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کچھ لوگوں کو زبردستی لے جایا جا رہا ہے۔ اس میں ایک نوجوان اسٹریچر پر ہے۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ جاری ہے۔ دریں اثنا اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے بیٹے یئر (Yer) نیتن یاہو نے 7 اکتوبر کے حملوں کے لیے ہائی کورٹ کے ایک فیصلے اور اسرائیلی ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) کی ناکامی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ’یروشلم پوسٹ‘ کے مطابق آئی ڈی ایف ریزرو فورس نے یئر کی اس حرکت کا جواب دیا ہے۔ اس نے ایک بیان میں کہا کہ آپ نے یہ بیان بازی ایسے وقت میں کی ہے جب ہم اپنے 8 شہیدوں کو کھونے کا سوگ منا رہے ہیں۔ آپ خاموش رہیں تو بہتر ہوگا۔
’یروشلم پوسٹ‘ کے مطابق یئر نیتن یاہو نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر ایک پوسٹ میں آئی ڈی ایف، ہائی کورٹ اور میڈیا کو نشانہ بنایا۔ سب سے پہلے انہوں نے ہائی کورٹ کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ نے غزہ بارڈر پر آئی ڈی ایف کی تعیناتی کے قوانین میں تبدیلی کردی جس کی وجہ سے حماس کے دہشت گرد اسرائیل کی سرحد کے اندر داخل ہوسکے۔ اس کے بعد انہوں نے 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں کی وجہ آئی ڈی ایف کی ناکامی کو قرار دیا۔ یئر کے مطابق آئی ڈی ایف نے ہی فیصلہ کیا تھا کہ غزہ پٹی کو ایندھن کی سپلائی بند نہیں کی جانی چاہیے۔ آئی ڈ ی ایف ریزروسٹ آرگنائزیشن نے یئر کی اس بیان بازی کا جواب دیا ہے۔ ایک بیان میں تنظیم نے کہا کہ سب سے پہلے آپ کو حقائق کو دیکھنا چاہیے۔ آپ کا غرور بول رہا ہے۔ غلطیوں کے ذمہ دار آپ کے والد ہیں، انہیں اس کا افسوس ہونا چاہیے۔ ہم ملک کیلئے شہید ہونے والے فوجیوں کے ساتھ ہیں۔ آپ تو یہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے۔ ایسے وقت میں جب ہم اپنے 8 فوجیوں کی شہادت پر غمزدہ ہیں، بہتر ہو گا کہ آپ خاموش رہیں۔
دریں اثنا غزہ میں جاری جنگ کو روکنے کیلئے سفارتی سطح پر کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی کے اعلیٰ حکام اور 4 مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ پیر کو چین پہنچ رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب، اردن، مصر اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ پیر کو بیجنگ پہنچ رہے ہیں۔ ان کے علاوہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل بھی یہاں ہوں گے۔
چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے اتوار کو کہا کہ ہم ان تمام مہمانوں کے ساتھ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔ عرب اور اسلامی ممالک کے ساتھ مسئلہ فلسطین پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ پہلا کام عام شہریوں کو بچانا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں امدادی سامان کی فراہمی بھی ایک اہم ایشو ہے۔