غزہ: غزہ میں نئے سال کے آغاز پر اسرائیل کے حملوں میں مزید شدت آگئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے جنگی طیاروں نے غزہ کے وسط میں واقع المغازی اور البریج کے علاقوں کو نشانہ بنایا جس میں ایک ہی گھر کے 10 افراد ہلاک ہوگئے۔
اسرائیل نے غزہ شہر کے نواحی علاقے المغراقہ گاؤں پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں 6 افراد جبکہ خان یونس میں ایک گھر پر فضائی حملے میں ایک شخص شہید ہوا۔
دوسری جانب مزاحمت پسند تنظیم حماس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کے مختلف علاقوں پر راکٹ برسائے جس کے بعد ان علاقوں میں سائرن بجنے لگے۔ حماس کے راکٹ حملوں میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
اسرائیل کا اتحادی ملک امریکا غزہ میں جنگ کی شدت کم کرنے پرزور دے رہا ہے تاہم اسرائیلی وزیراعظم نیتنن یاہو کا کہنا ہے کہ جنگ اپنے عروج پر ہے اور جاری رہے گی۔ اسرائیل کو ایک مرتبہ پھر مصر کے ساتھ غزہ کی سرحد کا کنٹرول سنبھالنا ہوگا۔