مقبوضہ بیت المقدس:حماس کے شہید رہنما صالح العروری کے گھر پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں مزید 14 افراد شہید ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق لبنان میں صہیونی فوج کے حملے میں شہید حماس کے نائب سربراہ صالح العروری کے خاندان سے منسوب رہائش گاہ پر اسرائیلی فوج نے بمباری کردی۔ خان یونس میں واقع اس گھر پر حملے میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد شہید ہو گئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ گھر صالح العروری سے منسوب تھا، تاہم شہید ہونے والوں کا حماس رہنما سے تعلق کے حوالے سے کوئی تصدیقی بات سامنے نہیں آ سکی۔
دریں اثنا خان یونس میں اسرائیلی فوج کی جانب سے شدید بمباری کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں اسرائیلی حملوں میں ہلال احمر کے ہیڈکوارٹر اور ایک اسپتال کو بھی بمباری کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس میں کئی مریضوں کے زخمی اور ایک شہادت کی اطلاع ہے۔