غزہ میں اموات کی تعداد 28 ہزار کے قریب، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 107 افراد جان بحق

غزہ: غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائی جاری ہے اور اس حملوں میں جان گنوانے والوں کی تعداد بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ حماس کے زیر انتظام وزارت صحت نے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 27947 ہو گئی ہے۔

وزارت نے جمعہ کو ایک پریس بیان میں کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع شروع ہونے کے بعد سے ساحلی علاقے میں 67459 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 107 فلسطینیوں کو قتل اور 142 کو زخمی کیا۔ وزارت نے کہا کہ شدید بمباری اور سول ڈیفنس اور ایمبولینس عملے کی کمی کے درمیان کچھ لاشیں ملبے کے نیچے دبی ہوئی ہیں۔ فلسطینی سیکورٹی ذرائع اور عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ شہر کے محلوں الرمل، الصابرہ، الزیتون، تل الحوا اور شیخ عجلین میں متعدد گھروں کو نشانہ بنایا اور بمباری کی۔

ذرائع نے شنہوا کو بتایا کہ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے ایمبولینسز نشانہ بنائے گئے مقامات تک نہیں پہنچ سکیں۔ دریں اثنا، طبی ذرائع نے بتایا کہ غزہ کے جنوبی شہر رفح میں دو گھروں کو نشانہ بنانے والے ایک حملے میں کم از کم آٹھ فلسطینی مارے گئے۔ پیرامیڈیکس کے مطابق، جنوبی غزہ کے سب سے بڑے شہر خان یونس میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں متعدد نوجوان ہلاک ہوئے۔

اس کے علاوہ وسطی غزہ کے شہر دیر البلاح میں ایک مکان پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور بعض زخمی ہو گئے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com