ہم اپنے دفاع کیلئے تیار ہیں، اسماعیل ھنیہ کا رفح آپریشن پر صیہونیوں کو انتباہ!

اپنے ایک انٹرویو میں حما س قیادت کا کہنا تھا کہ اس رائیل جنگبندی پر راضی ہوئے بغیر اپنے قیدیوں کی واپسی چاہتا ہے تا کہ اسکے بعد نئے سرے سے محاذ آرائی کر سکے مگر ایسا نہیں ہو گا۔*

 فلسطین کی مقا و متی تحریک “حما س” کے پولیٹیکل بیورو چیف “اسماعیل هنیه” نے کہا کہ حما س کی حمایت میں ترکیہ کے موقف پر اس رائیل کا ردعمل سیاسی گستاخی ہے۔ یہ ردعمل صیہونی قبضے کے چہرے کی نشان دہی کرتا ہے جو چاہتا ہے کہ فلسطینیوں کا قتل عام اسی طرح جاری رہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ترکش جریدے اناطولیہ سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین، غزہ اور حما س کے حوالے سے جو کچھ رجب طیب اردگان نے کہا کہ وہ ترکش عوام کے ضمیر کی آواز ہے کہ جو فلسطین کاز کو اپنا آئیڈیل اور غزہ کو انسانیت کا پیمانہ سمجھتے ہیں۔

اپنی گفتگو کے ایک حصے میں اسماعیل ھنیہ نے رفح حملے پر امریکہ کے موقف کو دھوکہ آمیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس رائیل و امریکہ کے بچھائے جال میں نہیں پھنسیں گے۔ انہوں نے صیہونیوں کو رفح آپریشن کے حوالے سے خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر دشمن نے رفح پر حملے کا فیصلہ کر لیا ہے تو ہماری عوام امن کا پرچم بلند نہیں کرے گی بلکہ اپنے دفاع کو ترجیح دے گی۔

حما س کے پولیٹیکل بیورو چیف نے کہا کہ قابض رژیم اگر یہ سوچتی ہے کہ میرے بیٹوں اور اہل و عیال کو شہید کر کے حما س کی قیادت کو مذاکرات میں دباو کا شکار کر لے گی تو وہ فریب میں مبتلا ہے۔ انہوں نے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے میں چھپے صیہونی اہداف کی جانب بھی اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس رائیل جنگ بندی پر راضی ہوئے بغیر اپنے قیدیوں کی واپسی چاہتا ہے تا کہ اس کے بعد نئے سرے سے محاذ آرائی کر سکے مگر ایسا نہیں ہو گا۔

اسماعیل ھنیہ نے جنگ کے بعد غزہ کی پٹی میں انفراسٹرکچر کو فلسطینیوں کا عوامی حق قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی ایسی عرب و اسلامی قوت کا خیر مقدم کریں گے جو قبضے کی حامی نہ ہو اور آزادی کی جنگ میں ہمارے لوگوں کی مدد کرتی ہو۔ واضح رہے کہ اس رائیل نے رجب طیب اردگان کی جانب سے دورہ ترکیہ کے موقع پر اسماعیل ھنیہ کا استقبال کرنے کو شرمناک قرار دیا تھا جس پر ترکش وزارت خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے صیہونی وزیر خارجہ کے اس بیان کو مداخلت آمیز قرار دیا۔

ترکیہ نے کہا کہ ہمیں نہیں بلکہ اسرائیل کو 35 ہزار بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام پر شرمسار ہونا چاہئے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com