نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان کی طیارہ حادثہ میں ہوئی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستانی عوام اس نازک وقت میں ایران کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ دعاء ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی رحمتوں کے سائے میں جگہ عطا فرمائیں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے قائدین و اس کے عوام کو اس آزمائش کی گھڑی میں صابر و شاکر اور ثابت قدم رکھیں۔
واضح رہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ سمیت 9 افراد کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر گزشتہ روز حادثہ کا شکار ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں تمام افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی آر آئی این اور نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی مہر نیوز کے حوالے سے ‘سی این این’ کی رپورٹ میں پیر کی صبح جانکاری دی گئی کہ جس جگہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا، وہاں کوئی زندہ نہیں بچا۔