ایران-ترکی کے درمیان بہتر تعلقات کے فروغ پر اتفاق

تہران (ملت ٹائمز)

 ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے کہا ہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی اور ان کے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوان نے تعلقات میں بہتری اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تعاون پر اتفاق کیا ہے، دونوں رہنماﺅں کے درمیان اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی ہے.

ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق ایردوان سے ملاقات کے دوران روحانی کا کہنا تھا کہ ایران اور ترکی سیاسی اختلافات کو ختم کر کے علاقائی استحکام کی راہ ہموار کرسکتے ہیں، یہ ملاقات خطے کے حریف ممالک کے درمیان سخت جملوں کا تبادلے کے بعد ہوئی ہے، تہران اور انقرہ شامی تنازع میں مخالف فریقین کی حمایت کرتے ہیں، ایران بشارالاسد حکومت کا حامی ہے جب کہ ترکی شامی حزب اختلاف کی حمایت کرتا ہے، گزشتہ ماہ ایردوان اور ترک وزیرخارجہ چاوش اوغلو نے ایران پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ شام اور عراق کو غیر مستحکم اور فرقہ واریت کو فروغ دے رہا ہے جس کے بعد تہران نے انقرہ کے سفیر کو طلب کرلیا تھا، اس کے جواب میں حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران خطے کے ممالک بالخصوص شام اور عراق کی علاقائی خودمختاری کی حمایت کرتا ہے۔