فلسطین کی حمایت اور اسرائیلی جنگی جرائم کے خلاف لاکھوں ایرانیوں کا شدید مظاہرہ

تہران: عالمی یوم القدس کے موقعے پر900 سے زیادہ ایرانی شہروں اور سیکڑوں بڑے دیہاتوں سے لاکھوں ایرانیوں نے جلوسوں میں شرکت کی۔

تہران میں مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ غزہ میں جاری جنگ، علاقائی کشیدگی، یمن، لبنان اور شام پر حملوں اور ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی دھمکیوں کے پیش نظر اس سال عوام کی شرکت گذشتہ برسوں کے مقابلے میں بہت زیادہ دیکھی گئی۔

ایران کے دارالحکومت تہران اور دیگر شہروں میں “اے قدس اپنے عہد پر قائم رہو” کے نعرے کے تحت عالمی یوم قدس کی تقریبات کا آغاز کیا گیا۔

مظاہرین نے غزہ، فلسطین اور یروشلم کی حمایت میں بینرز اٹھا رکھے تھے اور غزہ اور مغربی کنارے میں صہیونی ادارے کی جانب سے کیے جانے والے جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی۔ انہوں نے ان جرائم اور غزہ میں بچوں اور خواتین کے قتل کے حوالے سے بین الاقوامی خاموشی کی بھی مذمت کی۔

ایران میں یوم القدس مارچ کے شرکاء نے اسرائیل اور امریکی پرچم نذر آتش کرتے ہوئے “امریکہ مردہ باد” اور “مرگ بر اسرائیل” کے نعرے لگائے اور فلسطین، حزب اللہ، یمن کی انصار اللہ اور فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کے جھنڈے لہرائے‘۔

تہران مارچ میں صدر مسعود پیزشکیان، قانون ساز کونسل کےسربراہ محمد باقر قالیباف اور عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی ایجی سمیت سینئر ایرانی رہنما شریک ہوئے۔پاسداران انقلاب، فوج اور مسلح افواج کے اعلیٰ فوجی کمانڈرز نے بھی ان تقریبات میں شرکت کی۔

عالمی یوم قدس کی مناسبت سے منعقدہ تقریبات میں شرکت کے موقع پر ایرانی میڈیا کو بیان دیتے ہوئے شوریٰ کونسل کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ فلسطین کاز اب صرف عالم اسلام کی تشویش نہیں ہے بلکہ عالمی انسانی مسئلہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مغربی پالیسیاں دوغلی ہیں اور ان کے اعلان کردہ اقدار اور ان کے اقدامات اور پالیسیوں کی حقیقت کے درمیان بہت بڑا فرق ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین انسانیت کے ضمیر کے لیے ایک مشکل امتحان ہے۔ “طوفان الاقصیٰ ” تاریخ کا ایک اہم موڑ تھا۔ یہ فلسطینیوں کے لیے گزشتہ سات دہائیوں میں ہونے والی ناانصافیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک جائز قدم تھا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ علی خامنہ ای نے جمعرات کی شام ایک ٹیلی ویژن خطاب میں زور دیا کہ عالمی یوم قدس مارچ ہمیشہ سے ایرانی عوام کے اتحاد اور طاقت کا مظہر رہا ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی عوام اپنے اہم سیاسی اور بنیادی اہداف کے حصول میں ثابت قدم اور پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام صرف ایک یا دو سال تک فلسطین کی حمایت کا نعرہ نہیں لگاتے کہ پھر اسے بھول جائیں ہیں۔ ایرانی عوام چالیس سال سے زیادہ عرصے سے ’یوم القدس‘ کے جلوسوں میں سرد اور گرم موسم میں اور روزے کے دوران ملک بھر میں نہ صرف شہروں میں بلکہ بڑے اور چھوٹے شہروں اور دیہاتوں میں بھی شرکت کرتے رہے ہیں۔ لہذا عالمی یوم القدس کا پروگرام ایرانی عوام کے فخر میں سے ایک ہے‘۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com