ایم سی ڈی الیکشن سے پہلے کیجریوال حکومت کا تحفہ، کم از کم مزدوری میں اضافہ

 نئی دہلی : (عامر ظفر قاسمی۔ملت ٹائمز)
عام آدمی پارٹی کی حکومت نے دارالحکومت میں کام کرنے والے مزدوروں کو ہولی سے پہلے خوشخبری دیتے ہوئے کم از کم مزدوری میں اضافہ کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ایل جی نے اس فیصلے کو منظوری دے دی ہے اور پیر کو اس سلسلہ میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا، یعنی اب دہلی میں غیر ہنر مند مزدوروں کو ابھی جہاں کم از کم 9724روپے فی ماہ مزدوری ملتی ہے، اب اسے بڑھاکر 13350روپے فی ماہ کر دیا گیا ہے،وہیں نیم ہنر مند مزدور کی مزدوری 10764سے بڑھا کر 14698اور ہنرمند مزدور کی مزدوری 11830سے بڑھا کر 16182روپے کردی گئی ہے ۔کیجریوال کے مطابق ، یہ ایک تاریخی اضافہ ہے اور ٹریڈ ایسوسی ایشن کو اس سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، تھوڑی سی پریشانی ضرور ہوگی لیکن جب عوام کے ہاتھ میں زیادہ پیسے آئیں گے، تو وہ جب خرچ کرے گی تو اس سے کاروبار کو فروغ ملے گا۔ویسے اب اس بات کی بحث ہونے لگی ہے کہ کارپوریشن الیکشن سے ٹھیک پہلے ایل جی کی طرف سے ایک کے بعد ایک فیصلے کس طرح منظور کئے جا رہے ہیں۔جمعرات کو ہی دہلی میں گیسٹ ٹیچروں کی تنخواہ بڑھانے کا فیصلہ بھی ایل جی نے منظور کیا تھا جس کے بعد کیجریوال حکومت نے تنخواہ میں اضافہ کا اعلان کر دیا۔حالانکہ حکومت کومعلوم ہے کہ اس کو لاگو کروانا آسان نہیں ہوگا ،اس لیے اس کے لیے انفورسمنٹ سمیت ٹیمیں بنائی جائیں گی اور تین ماہ تک شدید مہم چلا کر اس کو سختی سے نافذ کروانے کی کوشش کی جائے گی۔وزارت لیبر کے وزیر گوپال رائے نے بتایا کہ ابھی قانونی طورپر کم از کم اجرت نہ دینے پر صرف 500روپے جرمانہ اور 6ماہ کی جیل کا انتظام ہے جس کو بڑھاکر 50000روپے جرمانہ اور تین سال کی جیل کی تجویز پیش کی گئی ہے ، جو ابھی مرکزی حکومت کے پاس زیر التواء ہے ، ہم امید کرتے ہیں جلد ہی اس کو منظوری مل جائے گی ۔