ایران میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک شخص کو سزائے موت

تہران: (ملت ٹائمز/ ایجنسیاں) ایران نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک شخص کو پھانسی دے دی ہے۔ ایرانی عدلیہ کی سرکاری ویب سائٹ “میزان آن لائن” نے ہفتہ کے روز اس کی تصدیق کی۔

رپورٹ کے مطابق عقیل کشاورز پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے، اسرائیلی اداروں کے ساتھ رابطہ و تعاون رکھنے اور فوجی و سیکیورٹی تنصیبات کی تصاویر لینے کے الزامات عائد تھے۔ عدالتی حکام کا کہنا ہے کہ اس کے خلاف مقدمہ مکمل قانونی کارروائی کے بعد اعلیٰ عدالت کی منظوری سے نمٹایا گیا اور بعد ازاں سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا۔

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جون میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بارہ روزہ جنگ کے بعد تہران نے اسرائیل سے مبینہ روابط رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ اس تناظر میں ایران نے تیز رفتار عدالتی کارروائیوں کی دھمکی دی، متعدد افراد کو گرفتار کیا اور اب تک کم از کم دس افراد کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں پھانسی دی جا چکی ہے۔

یاد رہے کہ اکتوبر میں ایرانی حکام نے قوانین میں ترمیم کرتے ہوئے اسرائیل، امریکہ یا دیگر ممالک و اداروں کے لیے جاسوسی کرنے والوں کے خلاف سخت ترین سزائیں مقرر کی تھیں، جن میں تمام اثاثوں کی ضبطی اور سزائے موت شامل ہے۔ اس سے قبل جاسوسی کے قوانین میں کسی مخصوص ملک کا ذکر نہیں ہوتا تھا اور نہ ہی پھانسی کو لازمی سزا قرار دیا گیا تھا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com