لکھنؤ(ملت ٹائمز)
اتر پردیش اسمبلی کے ساتویں اور آخری مرحلے کی پولنگ سے کچھ ہی گھنٹہ قبل دارالحکومت لکھنؤ کے ایک گنجان آبادی والے علاقے میں انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس)اور پولیس نے ایک مشتبہ دہشت گرد کو گھیر لیا ہے۔ایڈیشنل پولیس ڈائریکٹر جنرل(لاء اینڈ آرڈر )دلجیت چودھری نے بتایاکہ آپریشن ابھی چل رہا ہے، اترپردیش پولیس کو ریاست میں مشتبہ دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔انہوں نے کہا کہ مشتبہ دہشت گرد کو گھیر لیا گیا ہے اور اس کے تار اجین ٹرین دھماکے سے منسلک ہو سکتے ہیں۔چودھری نے بتایا کہ اتر پردیش پولیس کو مرکزی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے اس بارے میں ان پٹ ملا تھا، کانپور میں ایک گرفتاری کی گئی، لکھنؤ میں ایک سے زیادہ دہشت گرد چھپے ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس مکان میں دہشت گرد چھپا ہے، وہ دارالحکومت کے گنجان آبادی والے ٹھاکرگنج میں واقع ہے، کوشش کی جا رہی ہے کہ مشتبہ دہشت گرد کو زندہ ہی پکڑ لیا جائے۔اس درمیان، اتر پردیش کے پولیس ڈائریکٹر جنرل جاوید احمد نے بتایا کہ پولیس مکان میں موجود شخص کو ہتھیار ڈالنے کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ، ہم نے کانپور سے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا، اس مشتبہ دہشت گرد کے تارکو اجین ٹرین دھماکے سے جوڑنا ابھی جلدبازی ہو گی ۔