بغداد میں کار بم دھماکہ،17 افراد ہلاک

عراق کے صدر مقام بغداد میں ایک چیک پوسٹ پر بارود سے بھرے ٹرک کے ذریعے ہونے والے دھماکیمیں کم سے کم 17 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہوگئے ہیں۔عراقی پولیس کے مطابق یہ دھماکہ دارالحکومت بغداد کے جنوب میں داخلی راستے پر بنی ایک چیک پوسٹ پر اس وقت ہوا جب وہاں پر گاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ٹرک دھماکے کے نتیجے میں آس پاس کی گاڑیوں میں بھی آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ڈیڑھ درجن کے قریب افراد ہلاک اور دسیوں زخمی ہوگئے۔
آخری اطلاعات تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ تاہم ممکنہ طور پر اس دھماکے میں شدت پسند گروپ داعش کا ہاتھ ہوسکتا ہے جس کیخلاف عراقی فوج اس وقت موصل میں لڑائی لڑ رہی ہے۔
سنہ 2014ء کوعراق کے جن شمالی اور مغربی شہروں پر شدت پسندوں نے قبضہ کیا تھا تازہ آپریشن کے بعد وہ پے درپے شکست کھا رہے ہیں۔ دہشت گردوں کی جانب سے اپنی شکست کے ساتھ ساتھ بغداد سمیت عراق کے دوسرے شہروں میں دھماکوں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔
بشکریہ العربیہ اردو

SHARE