ریفرنڈم میں کامیابی پر عالمی رہنماﺅں نے پیش کی اردگان کو مبارکباد

انقرہ(ایجنسیاںملت ٹائمز)
ترکی میں 16 اپریل کے ریفرنڈم کے بعد صدر رجب طیب ایردوان کو غیر ملکی سربراہان کی جانب سے تہنیتی ٹیلی فون کالز موصول ہو رہی ہیں۔اولین طور پر آذربائیجان، قطر اور فلسطینی مملکتی رہنماو¿ں نے ٹیلی فون پر صدر ِ ترکی کو مبارکباد پیش کی۔
آذربائیجانی صدر الہام علی یف نے ریفرنڈم کے عمل کے پر امن طریقے سے مکمل ہونے اور پولنگ کے بلند تناسب کے حوالے سے صدر ایردوان اور ترک عوام کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ ریفرنڈم کے نتائج ترک عوام کی صدر رجب طیب ایردوان کی پالیسیوں کی ایک بڑی سطح پر حمایت کا مظہر ہیں۔
صدر ِ پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان نے بھی علیحدہ علیحدہ پیغامات کے ذریعے جناب ایردوان کو ریفرنڈم کے ذریعے نئے صدارتی نظام کی منظوری لیے جا نے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔امیر قطر شیخ تمیم حامد الا ثانی اور صدر ِ فلسطین محمود عباس نے بھی ٹیلی فون پر صدر ِ ترکی کو ریفرنڈم میں فتح یاب ہونے پر مبارکباد دی۔ علاوہ ازیں بحرین کے شاہ حامد بن عیسی الا خلیفہ، افریقی یونین کے صدر ملک گینے کے صدر الفا کوندے اور تیونسی ناہودہ تحریک کے لیڈر راشد غنوشی نے بھی صدر ایردوان کو تہنیتی پیغام دیے ہیں۔