ریاض(ملت ٹائمز۔ایجنسیاں)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ زمام اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر ہفتے کے روز ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر پہنچ چکے ہیں۔تاریخی قرار دیئے جانے والے صدر ٹرمپ کے دورے میں ان کی اہلیہ ملانیا ٹرمپ، صدر کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور ان کے داماد سمیت متعدد امریکی عہدیدار بھی ہمراہ ہیں۔
شاہ خالد ائر پورٹ پر اترنے کے بعد امریکی ایئرفورس ون طیارہ صدر ٹرمپ کے استقبال کے لئے بچھاَئے گئے سرخ کارپٹ کے سامنے رکا جہاں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے بذات معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔صدر ٹرمپ جمعہ کی شام سعودی عرب روانہ ہوئے تھے جہاں وہ دارلحکومت ریاض میں ہونے والے تین اہم سمٹ میں شرکت کریں گے۔
ریاض میں ہفتے اور اتوار کے روز تین اہم سمٹ “ہم ملکر کامیاب ہوں گے” کے عنوان کے تحت ہو رہے ہیں۔ ان سمٹ میں امریکا، سعودی عرب، خلیجی ممالک اور امریکا اور عرب اسلامی دینا اور امریکا قابل ذکر ہیں۔ ان تمام کا مقصد مل کر عالمی امن، گہرے اقتصادی تعاون سمیت تعمیری سیاسی اور ثقافتی تعاون کو ‘ہم ملکر کامیاب ہوں گے’ کے سلوگن تلے عملی جامہ پہنانا ہے۔۔صدر ٹرمپ کے دو روزہ قیام سعودی عرب میں اہم امور بشمول دہشت گردی کے خاتمے اور بین الاقوامی تعاون کے ساتھ اس کے مقابلے پر سعودی حکمرانوں سے تبادلہ خیال کریں گے