قطرسے سمجھوتہ مغربی ضمانت کے بغیر بے سود ہو گا،خلیجی ممالک کو دوحہ پر اعتبار نہیں رہا:متحدہ عرب امارات

دبئی (ملت ٹائمز)
متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ قطر کی جانب سے دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کا کوئی بھی سمجھوتہ مغربی ممالک کی نگرانی اور ضمانت ہی میں قابل عمل ہو سکتا ہے۔ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، مصر اور بحرین کو قطر پر اعتبار نہیں رہا ہے۔
امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرگاش نے قطر سے بات چیت صرف اسی شرط پر ہو سکتی ہے کہ دوحہ دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت بند کرے۔انہوں نے کہا کہ سازشوں کی بنیاد پر موقف کا دفاع ممکن نہیں۔ قطر کی جانب سے ماضی میں کیے گئے وعدے ایفا کیے گئے اور نہ ہی خلوص نیت سے دہشت گردی کی معاونت کے لیے کردار ادا کیا گیا۔ جب آپ سچائی اور شفافیت کے ساتھ اقدامات کریں معاملات کو آسانی سے سلجھایا جا سکتا ہے۔ ان کا اشارہ قطری پالیسیوں کی جانب تھا۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر پوسٹ بیانات میں اماراتی وزیر مملکت نے انتہا پسندی کے خلاف موثر ابلاغی مہم چلانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کے بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب بحرین نے امیر قطر کے مشیر حمد خلیفہ بن عبداللہ العطیہ اور بحرین کے باغی لیڈر حسن علی محمد جمعہ سلطان کے درمیان ٹیلیفون کالز کے سازشی اسکینڈل کا انکشاف کیا ہے۔ ٹیلیفون پر ہونے والی گفتگو میں قطری مشیر اور بحرینی اپوزیشن لیڈر کو منامہ کے خلاف سازشوں کی منصوبہ بندی کرتے سنا جا سکتا ہے۔
بشکریہ العربیہ اردو