ترکی میں داعش کے 37 مشتبہ افراددھماکہ خیز مواد کے ساتھ گرفتار

انقرہ(ملت ٹائمز)
ترک پولیس نے ملک بھر میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش سے وابستہ سینتیس مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترک حکام نے ایک مشتبہ شامی شہری کی سرحدی علاقے میں گرفتاری کی بھی اطلاع دی ہے۔اس کے قبضے سے سوا پانچ کلو گرام دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔
جنوبی صوبے حاتے کے گورنر کے دفتر نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ شامی شہری کو منگل کے روز غیر قانونی طور پر ترکی کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔اس کے قبضے سے ٹی این ٹی مواد کے علاوہ نو ڈیٹونیٹرز بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ترکی کی نجی خبررساں ایجنسی دوغان کی رپورٹ کے مطابق استنبول سمیت نو صوبوں میں پولیس نے رات بھر چھاپا مار کارروائیاں کی ہیں اور داعش سے تعلق کے الزام میں پچیس افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ان افراد کی گذشتہ چار ماہ سے سکیورٹی ادارے نگرانی کررہے تھے۔
پولیس نے جنوبی صوبے عدنہ میں چھاپا مار کارروائیوں میں داعش سے تعلق کے الزام میں دو بچوں سمیت بارہ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ان میں ایک بارہ سالہ انڈونیشی لڑکی بھی شامل ہے۔
ترک حکام کے مطابق ملک بھر میں حالیہ برسوں کے دوران میں داعش سے تعلق کے الزام میں پانچ ہزار سے زیادہ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں سے تین ہزار دو سو نوے غیر ملکی جنگجوو¿ں کو بے دخل کر کے پچانوے مختلف ممالک میں واپس بھیجا گیا ہے۔
ان کے علاوہ ترکی نے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 38269 افراد کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔ان میں سے بیشتر مشتبہ افراد ترکی کے راستے شام جانا چاہتے تھے اور وہاں داعش یا دوسرے جنگجو گروپوں میں شامل ہوکر لڑنا چاہتے تھے۔