انقرہ (ملت ٹائمزایجنسیاں)
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں کے اراکین مغربی ممالک کو ایک محفوظ بندرگاہ سمجھتے ہیں لیکن ہم دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی کئے جانے پر خاموش نہیں رہ سکتے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جی20 سربراہی اجلاس کا اہم ترین موضوع دہشت گردی کے خلاف جدوجہد تھا، ہم نے اجلاس میں اس بات کو واضح کیا ہے کہ گلوبلائز ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کا راستہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف اصولی، پر عزم اور فیصلہ کن طرزعمل سے گزرتا ہے اور جب تک دہشت گرد تنظیموں کے خلاف دوہرے معیار کو ختم نہیں کیا جاتا اور بین الاقوامی تعاون و اتحاد کو یقینی نہیں بنایا جاتا اس معاملے میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکے گی۔انہوں نے کہا کہ اپنی سرحدوں کے بالکل ساتھ دہشتگرد تنظیموں پی وائے ڈی پی کے کے کو تعاون فراہم کئے جانے ،مسلح کئے جانے اور علاقے میں دہشت گردی کے جزائر تشکیل دئیے جانے پر ہم ہرگز خاموش نہیں رہیں گے کیونکہ ترکی ملکی سلامتی کے لئے خطرہ تشکیل دینے والے عناصر کے خلاف اپنے دفاع کا حق استعمال کرنے میں کوئی تردد نہیں کرے گا۔