دبئی(ملت ٹائمزالعربیہ)
سعودی عرب کے وزیر برائے اطلاعات وثقافت عواد بن صالح العواد نے کہا عازمین حج کے معاملے میں قطری حکومت کے طرز عمل کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب ماضی کی طرح رواں موسم حج میں بھی تمام قطری حجاج کرام کا خیرمقدم کرے گا۔ انہوں نے الزام عاید کیا کہ قطر حج جیسی مقدس دینی عبادت کو سیاسی رنگ دے رہا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق قطر کا بائیکاٹ کرنے والے گروپ چار کے وزراءاطلاعات ونشریات کے اجلاس سے خطاب میں عواد بن صالح العواد نے کہا کہ قطر کی جانب سے حج کو سیاسی رنگ دینا دوحہ کے سیاسی زوال کی علامت ہے۔ریاض میں ہونے والے چارعرب ممالک سعودیہ، مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے وزراءاطلاعات کے اجلاس میں قاہرہ میں سابقہ اجلاسوں کی کارروائی کو آگے بڑھانے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر چاروں ممالک کے وزراءخارجہ نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور نفرت کو ہوا دینے والے ذرائع ابلاغ اور ممالک کا ابلاغ کے میدان میں بھرپور مقابلہ کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
سعودی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حج ایک مقدس دینی عبادت ہے۔ سعودی عرب اس عبادت کے موقع پر دنیا بھر سے آئے حجاج کرام کو اللہ کے مہمانوں کی حیثیت سے ان کی ہرممکن خدمت سہولت کو اپنے لیے باعث فخر سمجھتا ہے۔ تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ سعودی حکومت نے مشرق و مغرب سے آنے والے بیت اللہ کے زائرین کی ہرممکن خدمت بجا لائی ہے،ان کا کہنا تھا کہ قطر حج کو سیاسی رنگ دینے کی مذموم کوششیں کررہا ہے مگر اس کی یہ کوششیں دوحہ کے سیاسی زوال کی علامت ہیں۔ حج کو ماضی میں بھی قطر اور ایران کی جانب سے سیاسی رنگ دینے کی ناکام کوششیں کی گئیں۔