میانمار میں روہنگیا پر حملہ جاری ،مزید8 بستیاں نذر آتش، ایک ہزار سے زائد مسلمانوں کا قتل : اقوام متحدہ

ینگون(ملت ٹائمزایجنسیاں)
شمال مغربی میانمار میں دہشت گردی کے تازہ واقعات میں مسلمانوں کے مزید8دیہات جلادیئے گئے ہیں۔عینی شاہدین نے کے حوالے سے رائٹر نے لکھاہے ریاست آراکان کے علاقے راتھڈونگ میں آگ کے بلند ہوتے شعلے دورسے ہی دیکھے گئے۔ایک مقامی شہری نے بتایا کہ یہ آگ جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے کے قریب لگائی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ ان دیہات میں3سو سے چار سو روہنگیا مسلمان پناہ لیے ہوئے تھے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ گھروں کو آگ لگنے کے بعد یہ افراد اب بنگلہ دیشی سرحد کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
میانمار میں تعینات اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ینگ ہی لی نے تصدیق کی ہے کہ پرتشدد واقعات میں ایک ہزار سے زائد مسلمانوں کو قتل کیا جاچکا ہے۔میانمار کی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مسلم بچوں، خواتین اور بزرگوں پر حملوں کی مستقل اطلاعات موصول ہورہی ہیں اور اب تک عینی شاہدین کے بیانات سے پتہ چلا ہے کہ ریاست آراکان میں ہلاک شدگان کی تعداد 1 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔یواین ایچ سی آر نے کہاہے کہ گزشتہ دوہفتوں کے دوران دولاکھ70ہزار روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش داخل ہوچکے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ اس سے قبل سے دوہفتے میں بنگلہ دیش آنیوالوں کی تعدادایک لاکھ64ہزار تھی،ترجمان نے کہاکہ سرحدی علاقوں میں روہنگیا افراد کے ایسے گروپ دیکھے ہیں جن کی پہلے گنتی نہیں کی گئی تھی۔