شہزادہ محمد بن سلمان کی خوش مزاجی، عام لوگوں کیساتھ سیلفی بنوائی

ریاض(ملت ٹائمز/ایجنسیاں)

ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان نے انسان دوستی کی اعلی مثال قائم کر کے لوگوں کے دلوں کو جیت لیا۔ نیوم منصوبے کے اعلان کے بعد عشائیہ تقریب میں پروٹوکول اور ذاتی حفاظتی دستے کے بغیر حاضرین سے مصافحہ کیا اور انکے ساتھ سیلفی بنوائی۔ سبق نیوز نے ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کی تواضع اور انسان دوستی کے حوالے سے لکھا ہے کہ نیوم منصوبے کی لانچنگ کے بعد عشائیہ تقریب کے دوران شہزادہ محمد بن سلمان کو دیکھ کر وہاں موجود لوگ جن میں زیادہ تر غیر ملکی تھے شہزادہ کے گرد جمع ہونے لگے۔ ولی عہد بھی انتہائی خوش مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان لوگوں سے مصافحہ کرتے اور انکی خیریت دریافت کرتے رہے۔ اس دوران ولی عہد کا حفاظتی دستہ بھی ان سے دور تھا۔ عام لوگوں نے شہزادے کو گھیر ا ہوا تھا۔ اس حوالے سے ہار وڈ بزنس ریو یو کے ایڈیٹر انچیف حمود الحمود نے اپنے تاثرات بیا ن کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بے حد حیرت ہوئی کہ ولی عہد مملکت میرے سامنے کھڑے ہیں۔ انہیں سامنے دیکھ کر میں نے فوری طور پر ان سے مصافحہ کیا۔ میں یہ سوچ رہا تھا کہ ابھی انکا حفاظتی دستہ آئے گا اور وہ چلے جائیں گے۔ مگر ایسا کچھ نہ ہوا دیکھتے ہی دیکھتے وہاں موجود افراد بھی ولی عہد کی جانب متوجہ ہو نے لگے۔ حمود نے مزید بتایا کہ میں نے ولی عہد کو اپنا بزنس کارڈ دیا جسے انہوں نے لیا اور پڑھنے کے بعدکہا ” آپ سے ملکر خوشی ہوئی “۔ میری درخواست پر انہو ںنے میرے ساتھ سیلفی بھی بنوائی۔ مجھے سیلفی بنواتے دیکھ کر دیگر افراد بھی سیلفی بنوانے کےلئے وہاں پہنچ گئے۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہاں لوگوں کا ہجوم ہو گیا۔ ہر ایک کی خواہش تھی کہ وہ ولی عہد سے مصافحہ کرے اور انکے ہمراہ سیلفی بنوائے۔ ولی عہد بھی کسی کو انکار نہیں کر رہے تھے۔ ہوٹل کی انتظامیہ اور عام کارکن بھی اس موقع پر ولی عہد مملکت کے ساتھ سیلفی بنوانے کےلئے پہنچ گئے۔ اخباری رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ تقریب میں 500 سے زائد افراد شریک تھے اور ہر ایک کی یہ خواہش تھی کہ وہ ولی عہد کے ساتھ مصافحہ کرے اور انکے ساتھ سیلفی بنوائے۔ اگرچہ پروگرام کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان کو وہاں کم وقت کےلئے آنا تھا مگر لوگوں کی محبت کو دیکھ کر انہوں نے ہر قسم کے پروٹوکول کو بالائے طاق رکھ دیا اور عام لوگوں میں گھل مل گئے۔ اس موقع پر ایک غیر ملکی اخبار نویس نے اپنے سعودی ساتھی سے کہا ” آپ لوگ خوش قسمت ہیں کہ اس قدر نرم دل اور عوامی شہزادہ ملا ہے ، وہ کس طرح عام لوگوں کے ساتھ مصافحہ کر رہے ہیں اور ہر ایک سے مل کر سیلفی بھی بنوا رہے ہیں “