سب اس طرح گلشن کو ویران کردیں گے؟

محمد شارب ضیاء رحمانی

پہلے مولانا اسرارالحق قاسمیؒ، مولانا زبیر احمدقاسمیؒ ، پھر مولانا واضح رشید ندوی ندویؒ اور اب بہار کی معروف دینی، تحریکی اور نورانی شخصیت مولانا محمد قاسمؒ دارفانی سے کوچ کرگئے، انا للہ و انا الیہ راجعون

مسلسل علماء کااس طرح اٹھ جانا، ملت کے لیے عظیم سانحہ ہے، جب کہ قدم قدم پرآپ جیسی شخصیات کی ضرورت ہے

 مولانا قاسمؒ کی شخصیت کاسب سے نمایاں پہلو، خاموشی کے ساتھ دین متین کی خدمت، قرآن مجید پر محنت، مدارس کی توسیع، ان کے نظام کوصحیح سمت دینے کی سعی اور نہ تھکنے والا مزاج تھا، ریٹائرمنٹ کے بعد بھی مسلسل خاموشی سے کاموں میں لگے رہے، آپ سے ہمارے گھرانے کا بھی تعلق رہا ہے، اسی لیے جامعہ رحمانی جانے سے پہلے ابتدائی عربی و فارسی تعلیم کے لیے آپ کے ادارہ جامعہ مدنیہ سبل پور داخلہ کرایا گیا، مجھ سے بے حد شفقت فرماتے، سبل پور آنے پر طلب فرماکر خیرخیریت اور ضروریات پوچھتے، آپ کے بھائی مولانا ناظم صاحب اور داماد مولانا مرغوب الرحمن صاحب میرے اساتذہ میں ہیں، آپ کے دو بھانجے میرے درسی ساتھی ہیں لیکن مسلسل علالت اور پانی نہ لگنے کی وجہ سے مجھے گھر آنا پڑا پھر جامعہ رحمانی مونگیر میں داخلہ کرایا گیا جہاں کی آب وہوا اور فضا سب کچھ راس آئی اور دورۂ حدیث تک تعلیم وہیں مکمل کی۔

ایک عرصے کے بعد 2013 میں دہلی میں ایک شادی کی تقریب میں ملاقات ہوئی، شکایت کرنے لگے کہ سبل پور نہیں آتے، یہ میرا نمبر لو، پٹنہ آؤ تو میرے گھر آؤ اور میرے ساتھ سبل پور چلنا ہے، افسوس کہ دست قضا نے ملاقات کا موقعہ نہ دیا اور ایک حکم میرے ذمے قضا رہ گیا، کاش کبھی ادا کرپاتا۔

 ہاں اسی شادی میں ایک واقعہ بھی پیش آیا، آپ کو لڑکے والوں نے خصوصاً نکاح کے لیے مدعوکیا تھا، ٹھیک نکاح کے وقت لڑکی کے والد جو خود عالم ہیں اور مولانا کی شخصیت سے واقف بھی ہیں، اپنے کسی واقف کار سے نکاح پڑھانے کے لیے اصرار کرنے لگے، معاملہ الجھنے لگا یہاں تک کہ وہ قاضی صاحب بھی کہنے لگے کہ مولانا قاسم صاحب کے سامنے میں کیا ہوں، مولانا نے دولہے کے بھائیوں کو ہی سمجھاکر دولہن کے والد کی مرضی پر راضی کرلیا اور فرمایا کہ میرا ایک مقصد شادی میں شرکت تھا، وہ تو ہوگیا، یہ حق لڑکی کا ہے کہ نکاح ان کے پسندیدہ قاضی سے پڑھایا جائے

سادگی اور وقار کوٹ کوٹ کر بھرا تھا، آپ ہمارے گاؤں پہڑیا، شیخ پورہ کے مدرسہ دار ارقم کے قیام کے وقت سے ہی سرپرست تھے، بارہا تشریف لائے۔

اللہ تعالٰی آپ کی خدمات حسنہ کوذخیرہ آخرت بنائے، آمین یارب العالمین

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں