امریکہ سے حتمی مذاکرات کے لیے افغان طالبان کی 14 رکنی ٹیم کا اعلان

کابل: افغان طالبان نے امریکہ سے امن مذاکرات کے لیے ملا شیر محمد عباس استاکزئی کی سربراہی میں 14 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان طالبان نے امریکہ کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے 14 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے، ٹیم میں انس حقانی سمیت گوانتانا موبے کے 5 سابق قیدی بھی شامل ہیں جب کہ انس حقانی اب بھی کابل جیل میں اسیر ہیں۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ملا برادر نے امیر ہیبت اللہ آخونزادہ کی مشاورت سے ٹیم تشکیل دی ہے۔

ٹیم کی سربراہی ملا شیر محمد عباس استانکزئی کریں گے جب کہ دیگر اراکین میں مولوی ضیاء الرحمان مدنی، مولوی عبدالسلام حنفی، شیخ شہاب الدین دلاور، ملا عبدالطیف منصور، ملا عبدالمنان قمری، مولوی عامر خان، ملا محمد فضل مظلوم، ملا خیر اللہ، مولوی مطیع اللہ، ملا محمد انس حقانی، ملا نور اللہ نوری، مولوی محمد نبی عمری اور ملا عبدالحق واثق شامل ہیں۔

واضح رہے کہ قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب میں ہونے والے امن مذاکرات کے بعد 15 فروری سے قطر میں حتمی مذاکرات کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس میں افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء اور طالبان کا کچھ علاقوں میں اپنی حکومت کے قیام سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔