افغانستان: جشن نو روز کی تقریبات میں دھماکے، 6 افراد ہلاک

کابل: (اے ایف پی)افغان دارالحکومت کابل میں نئے ایرانی سال کے تہوار جشن نوروز کی تقریبات میں دھماکوں سے 6 افراد ہلاک ہوگئے ۔افغان وزارت صحت کے ترجمان وحید اللہ نے تصدیق کی کہ دھماکوں سے 23افراد زخمی بھی ہوئے ۔کابل پولیس کے ترجمان باسر مجاہد نے بتایاکہ تینوں دھماکے بارودی سرنگیں پھٹنے سے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ کابل یونیورسٹی کے قریب مسجد کے واش روم،ہسپتال کے پیچھے اور ایک قریبی مکان کے بجلی کے میٹر میں نصب بارودی سرنگیں پھٹنے سے تباہی ہوئی ۔ انہوں نے بتا یا کہ پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے یونیورسٹی کے قریب 4بارودی سرنگیں پھٹنے سے پہلے ناکارہ بنا دیں ۔عینی شاہدین کے مطابق کابل میں کارتہ سخی کے علاقے میں 3 مارٹر گولے بھی گرے ۔افغان میڈیا نے بتایا ہے کہ مرنیوالوں اورزخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایاکہ شدت پسندوں کی جانب سے دارالحکومت میں منعقدہ جشن نوروز کے شرکااور شہری آبادی پر حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں۔ افغان وزارت دفاع کے حکام نے حملہ آوروں کو گرفتار کر نے کادعویٰ کیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق طالبان جنگجوؤں نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کیا ہے ۔