اتر پردیش حکومت کا سکریٹریٹ بھی بدعنوانی کا اڈہ: پرینکا گاندھی

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا جو اساتذہ کی بھرتی گھپلے پر اتر پردیش حکومت پر مسلسل حملہ آور ہیں، نے آج یوگی حکومت پر سکریٹریٹ میں بدعنوانی سے متعلق ایک خبر کے ذکر کے ساتھ حملہ کیا اور کہا کہ اب یہ ثابت ہورہا ہے کہ ریاست کا سب سے بڑا دفتر یعنی اترپردیش سکریٹریٹ بھی بدعنوانی کا اڈہ بن گیا ہے۔

پرینکا گاندھی واڈرا نے ٹوئٹ کیا، “ریاست کا سب سے بڑا دفتر سکریٹریٹ اترپردیش کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت میں بدعنوانی کا مرکز بن گیا ہے۔ مویشی پروری کے محکمے کے گھپلے نے حکومت کے پورے بدعنوان نظام کو بے نقاب کردیا ہے۔ ریاست کے ایگزیکٹو مرکز کے گرد بدعنوانی ہی بدعنوانی ہے۔ کیا وزراء اور وزیر اعلی کو اس بارے میں کوئی اشارہ نہیں ملا۔ اگر ایسا ہے تو یہ حقیقت حیران کن ہے۔ یہ اترپردیش حکومت کے عملی طرز پر سوالیہ نشان ہے۔‘‘