پاکستان کے مشہور سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کے لیے جاری کیا جائے گا یادگاری سکہ

اسلام آباد(ملت ٹائمز؍ایجنسیاں)
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پاکستان کے نامور فلاحی کارکن عبدالستار ایدھی مرحوم کی خدمات کے اعتراف میں ان کے نام پر پچاس روپے کا ایک خصوصی سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عبدالستار ایدھی نے لگ بھگ چھ دہائیوں قبل ’ایدھی فاؤنڈیشن‘ قائم کی تھی، جو وقت کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم بن چکی ہے۔ ایدھی طویل علالت کے بعد گزشتہ برس جولائی میں انتقال کر گئے تھے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ویب سائٹ پر جاری پریس ریلیز کے مطابق، ’’وفاقی حکومت نے عبدالستار ایدھی کی یاد میں ان کے لیے ایک یادگاری سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘
عبدالستار ایدھی کی یاد میں جاری کیے گئے یہ خصوصی سکے پاکستان میں اسٹیٹ بینک کے مختلف فیلڈ دفاتر سے 31 مارچ سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔اس سکے کی ایک طرف اردو زبان میں ’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘ اور ایدھی کے وفات کا سال یعنی کے 2016 تحریر کیا گیا ہے جبکہ سکے کی دوسری جانب عبدالستار ایدھی کی تصویر کندہ ہے اور ان کی تصویر کے اوپر ’عہد انسانیت عبدالستار ایدھی‘ نمایاں طور پر لکھا گیا ہے۔
اس عظیم فلاحی کارکن کے بارے میں تصور کیا جاتا ہے کہ انہوں نے ایدھی فاؤنڈیشن نامی تنظیم چھ دہائیوں تک کچھ ایسے چلائی کہ حکومت بھی وہ کام نہ کر سکی جو اس تنظیم نے کیا۔ ایدھی فاؤنڈیشن نے نہ صرف پاکستان بلکہ بر صغیر میں فلاحی کام کو ایک انقلابی شکل دی۔ایدھی فاؤنڈیشن اس وقت بھی وسیع پیمانے پر ایمبولینس سروس، مفت ہسپتال، اور لاوارث بچوں، خواتین اور بوڑھوں کے لیے متعدد دارالامان چلا رہی ہے۔ پاکستان میں ایک مثال زبان زد عام رہی ہے کہ حکومت کی سروس سے پہلے ہی ایدھی کی ایمبولینسیں متاثرہ افراد تک پہنچ جاتی ہیں۔