بحیرہ روم میں مہاجرین کی کشتی غرقاب ، 250مہاجرین جاں بحق

طرابلس(ایجنسیاںملت ٹائمز)
بحیرہ روم میں تعینات لیبیا کے کوسٹ گارڈز کے مطابق مہاجرین کی 3دنوں کے دوران مہاجرین کی کشتیاں ڈوب جانے کے باعث250کے قریب مہاجرین ہلاک ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ سے لے کر اب تک بحیرہ روم میں مہاجرین کی کشتیاں ڈوب جانے کے باعث 250افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ کوسٹ گارڈز کے مطابق لیبیا کے ساحلوں کے قریب سے تقریباً ساڑھے 7 ہزار پناہ گزینوں کی جانیں بچائی جا چکی ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹر کے مطابق عرب اخبارات نے لکھاہے کہ لیبیا کے ساحلوں کے قریب مہاجرین کی ایک کشتی ڈوب جانے سے مزید 70کے قریب افراد لاپتہ ہو گئے ہیں ، لاپتہ ہونے والے افراد میں 30عورتیں اور9بچے شامل ہیں۔جبکہ لیبیا کے ساحل پر متعدد افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں، جن میں ایک نومولود بچہ بھی تھا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران بچائے جانے والے مہاجرین کے دو مختلف گروپوں نے بتایا کہ ربڑ کی کشتیاں ڈوب جانے کے نتیجے میں سینکڑوں مہاجرین بحیرہ روم کی موجوں کی نذر ہو گئے اور انہوں نے یہ مناظر اپنی آنکھوں سے دیکھے ہیں۔ 60 پناہ گزینوں کی ہلاکت ہفتے کو ہوئی جبکہ لیبیا سے روانہ ہونے والی ایک اور کشتی بھی لاپتہ ہے، جس پر ایک سو بیس افراد سوار تھے۔