مظالم سے تنگ آکر ہجرت کرنے والے ہزاروں روہنگیا مسلمان سخت مشکل کے شکار ، دس ہزار خیمہ تباہ وبرباد 

ڈھاکہ(ملت ٹائمز؍ایجنسیاں)
میانمار سے جان اور عزت بچا کر بنگلہ دیش میں پناہ لینے والے روہنگیا مسلمانوں پر آغاز رمضان کے ساتھ ہی سمندری طوفان کی صورت میں ایک نئی قیامت ٹوٹ پڑی ہے۔ 
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان مورا ہزاروں روہنگیا پناہ گزینوں کے خیمے بہا لے گیا ہے، جبکہ سات افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ سمندری طوفان نے جس ساحلی علاقے کو سب سے زیادہ نشانہ بنایا وہاں 12 ہزار سے زائد روہینگیا مسلمان پناہ گزین تھے۔
روہینگیا کمیونٹی کے رہنما شمس العالم نے غیر ملکی رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’’پناہ گزینوں کے تقریباً 10 ہزار خیمے طوفان کے باعث تباہ ہو گئے ہیں۔ ہم نے طوفان کے بارے میں سنا تھا لیکن ہمارے پاس کوئی ایسی جگہ نہیں تھی جہاں جا کر پناہ لے لیتے۔ میانمار میں ہمیں بدترین تشدد کا سامنا تھا اوریہاں ہم مکمل طور پر بے سہارا ہیں۔ یہاں ہمارے کوئی حقوق نہیں ہیں۔ اس سمندری طوفان کے بعد ہمارے سر پر چھت بھی نہیں رہی۔ اب ہمیں کھلے آسمان تلے پڑے ہیں۔ ہمارا مستقبل بالکل تاریک ہے۔‘‘