لاہور(ملت ٹائمز)
بارش اور تیز آندھی سے پنجاب کے کئی علاقوں میں تباہی ہوئی ہے۔ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ہیں۔ چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ بہاولنگر میں طوفانی آندھی کے باعث مختلف حادثات نے خاتون اور بچے سمیت چار معصوم افراد کی زندگیاں نگل لیں۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ بہاولنگر ہی کی تحصیل ہارون آباد میں دیوار گرنے سے دو بچے ملبے تلے دب گئے جبکہ مختلف حادثات میں چھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ فیصل آباد میں میراں والا بنگلہ کے قریب موسلا دھار بارش سے چھت گرنے سے خاتون شکیلہ بی بی دب کر دم توڑ گئی جبکہ اس کا شوہر زخمی ہو گیا۔ بورے والا میں بارش سے گرنے والی دیوار ایک انسانی زندگی نگل گئی۔ واقعے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے۔ اٹھارہ ہزاری میں تیز آندھی سے درخت گر گیا جس کے نیچے دب کر خاتون اور اس کا گیارہ سالہ بیٹا جاں بحق ہو گئے جبکہ 4 سالہ بچہ زخمی ہو گیا۔ چیچہ وطنی میں بوسیدہ چھت گرنے سے دس سالہ بچہ دم توڑ گیا جبکہ پانچ خواتین زخمی ہوئیں۔ ملتان اور شجاع آباد میں طوفانی بارش سے حادثات میں خواتین اوربچوں سمیت 15 افراد زخمی ہو گئے۔ چشتیاں میں چھ افراد زخمی ہوئے ہین جبکہ سوات کے علاقے مالم جبہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔