سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان خفیہ بات چیت جاری ،تعلقات کی بحالی کا امکان

تل ابیب(ملت ٹائمزایجنسیاں)
ایک اسرائیلی اخبار نے حیران کن دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل، سعودی عرب، امریکہ، اردن اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان خفیہ بات چیت جاری ہے تا کہ اسرائیل میں رہنے والے عرب مسلمانوں کو حج کیلئے براہ راست سعودی عرب پہنچانے کیلئے نئے فضائی روٹ کا قیام عمل میں لایا جا سکے۔
مڈل ایسٹ مانیٹر کی رپورٹ کے مطابق یہ فضائی روٹ تل ابیب کے بن گوریان ائیرپورٹ کو براہ راست سعودی عرب سے منسلک کرے گا۔ چونکہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں اس لئے اسرائیل سے حج کیلئے جانے والے افراد کو مختصر وقفے کیلئے عمان کے ملکہ عالیہ ائیرپورٹ پر رکنا پڑے گا۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اگر یہ مذاکرات کامیاب ہوگئے تو اسرائیل سے زائرین زمینی راستے کی بجائے فضائی روٹ سے براہ راست مکہ پہنچیں گے۔
یہ منصوبہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے کہ جب حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب جاکر مسلم ممالک کو ہدایت کی کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات بہتر کریں، جبکہ دوسری جانب اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات کا نیا دور بھی شروع ہورہا ہے۔