اسلام آباد(ملت ٹائمز)
بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں فورسز کی گاڑی کے قریب بم دھماکے کی نتیجے میں 6سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ2زخمی ہوگئے ہیں، دھماکے کے بعد گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 6 سیکورٹی اہلکارشہید اور 2 زخمی ہوگئے۔تحصیلدار ہرنائی مانک خان کے مطابق ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بم دھماکہ جس کے نتیجے میں 6اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔شہید ہونے والوں میں یوسف عمران ،شہابدین ،فیاض احمد ،محمدعمر،نعیم احمد ،فضل الرحمن جبکہ ہدایت اللہ اورسعداللہ زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو کھوسٹ ہسپتال منتقل کردیاگیا۔لیویز نے علاقے کوگھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردی جبکہ دھماکے میں سیکورٹی اہلکاروں کی گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کے اہلکار جشن آزادی کی تقریبات میں شرکت کے بعد واپس اپنے کیمپ جارہے تھے۔
دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جب کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔