سنگاپور (ملت ٹائمز/ایجنسیاں)
ایک امریکی جنگی بحری جہاز تیل بردار تجارتی جہاز سے ٹکرا گیا جس کے بعد سے امریکن نیوی کے 10 اہلکار لا پتہ ہیں۔ لاپتہ اہلکاروں کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے جس میں امریکہ، سنگاپور اور ملائیشین بحریہ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
امریکی بحریہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یو ایس ایس جوہن ایس مکین سنگاپور کی بندرگاہ کی طرف جا رہا تھا کہ راستے میں تیل بردار تجارتی جہاز آلنک ایم سے ٹکرا گیا۔ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بج کر 24 منٹ پر پیش آیا جس کے باعث امریکی میزائل ڈسٹرائر یو ایس ایس جوہن ایس مکین کے بائیں حصے کو نقصان پہنچا ہے۔یو ایس ایس جوہن ایس مکین میزائل ڈیفنس سسٹم کا حامل بحری جہاز ہے جو شمالی کوریا کے کسی بھی ممکنہ ایٹمی حملے سے نمٹنے کیلئے جاپان کے پانیوں میں موجود ہے۔
امریکی بحریہ کے سابق آپریشنز ڈائریکٹر کارل چسٹر کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا آئل ٹینکر امریکی بحری جہاز سے تین گنا بڑا تھا، عمومی طور پر ایسے جہازوں کو اپنا راستہ بدلنے کیلئے میلوں کا فاصلہ درکار ہوتا ہے، آئل ٹینکرز ہنگامی حالات میں کم از کم 2 ناٹیکل میل کے فاصلے سے راستہ بدل سکتے ہیں۔
دوسری جانب حادثے کے باعث لا پتہ ہونے والے 10 نیوی اہلکاروںکی تلاش کیلئے آپریشن شروع کردیا گیا ہے، لاپتہ ہونے والے پانچ نیوی اہلکار زخمی بھی ہیں۔ ریسکیو آپریشن میں ہیلی کاپٹر اور کشتیاں حصہ لے رہی ہیں جبکہ سنگاپور کے بحری جہاز اور ہیلی کاپٹرز بھی ریسکیو آپریشن میں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ملائیشیا کی بحریہ بھی لاپتہ نیوی اہلکاروں کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن میں شامل ہو چکی ہے۔