مراکش کے قومی دن پر وہاں کے فرماں روا کا عظیم کارنامہ ،پورے ملک میں خوشی کی لہر

رباط(ملت ٹائمزایجنسیاں)
افریقی ملک مراکش کی وزارت انصاف نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ملک کے فرمانروا شاہ محمد ششم نے قومی دن کے موقع پر دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث 13 دہشت گردوں سمیت مختلف جرائم کے تحت قید مجموعی طور پر 415 قیدیوں کی سزائیں معاف کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق شاہ محمد ششم نے ملک کے قومی دن اور شاہی انقلاب کی مناسبت سے 20 اگست کو415 قیدیوں کی سزائیں معاف کرنے کا حکم دیا۔ ان میں 13 ایسے افراد بھی شامل ہیں جن پر دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے اوردہشت گردی کے الزام میں سزائے موت کے ایک قیدی کی سزا تبدیل کرتے ہوئے 30 سال قید کردی گئی ہے۔تاہم ان قیدیوں میں ملک کے شمال میں علیحدگی پسندی کے لیے احتجاجی تحریک چلانے کی پاداش میں گرفتار افراد شامل نہیں۔واضح رہے کہ اس اعلان کے بعد قیدیوں کے علاوہ عام لوگوں میں بھی خوشی کی لہر پائی جارہی ہے اور یہ کہاجارہاہے کہ قیدیوں کو آزاد اور معاف کرکے حکمراں نے ایک اہم کارنامہ انجام دیا ہے۔