پاکستان کا امریکہ کو دو ٹوک پیغام ، بغیر اجازت کسی امریکی حکومتی عہدیدار کو خوش آمدید نہیں کہا جائے گا

اسلام آباد(ملت ٹائمزایجنسیاں)
امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کے دورہ پاکستان ملتوی ہونے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی بھی امریکی عہدیدار یا حکومتی شخصیت کو پہلے سے طے شدہ شیڈول کے بغیر پاکستان نہیں آنے دیا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے امریکہ سے سفارتی تعلقات پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے اسی لیے امریکی نائب وزیر خارجہ کو پاکستان آنے سے روک دیا گیا۔ امریکی نائب وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کو امریکہ نے معمول کا دورہ کیا تھا جس پر پاکستان نے دوٹوک موقف اپناتے ہوئے امریکہ پر واضح کردیا تھا کہ غیر معمولی حالات میں معمول کے دورے کی ضرورت نہیں ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکی حکام کو بتادیا کہ تعلقات معمول کے مطابق نہیں رہے، حالات بدل چکے اور بدلے حالات میں نئی حکمت عملی بنا رہے ہیں، معاملات پرانے اور دوستانہ تعلقات کی بنیاد پر طے نہیں کیے جائیں گے۔
پاکستان نے امریکی حکام پر یہ بھی واضح کردیا ہے کہ آئندہ کوئی بھی امریکی عہدیدار دورہ پاکستان پر آئے تو پہلے سے شیڈول طے کرے ، بغیر اجازت آنے والے کسی امریکی عہدیدار کو خوش آمدید نہیں کیا جائے گا۔