بے نظیر بھٹو قتل کیس میں پاک عدلیہ نے سنادیا فیصلہ، پرویز مشرف اشتہاری قرار ،جائیدا د ضبط کرنے کا حکم جاری

اسلام آباد(ملت ٹائمزایجنساں)
پاکستان عدالت نے اڈیالہ جیل میں بے نظیر قتل کیس کا فیصلہ سنادیا ،ڈی آئی جی سعود عزیز اور ایس پی راول ٹاﺅن خرم شہزاد کو مجموعی طور پر17،17سال قیدکی سزا سنا دی گئی ،دونوں مجرموں کو 5,5لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
روزنامہ جنگ کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے عدالت نے منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیاہے، دیگر پانچ ملزمان کو بری کردیا گیاجن میں رفاقت،حسنین،اعتزاز شاہ ،شیر زمان اور رشید اعوان شامل ہیں۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اصغر خان نے فیصلہ سنا یاجس کے بعد خرم شہزاد اور سعود عزیز کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا ۔اس قبل انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد اصغر اڈیالہ جیل پہنچے جہاں انہوں نے مقدمے میں نامزد 2پولیس افسران کو اڈیالہ جیل پہنچنے کی ہدایت کی اور گرفتار 5ملزموں کو بھی بیرکس سے نکالنے کا حکم دیا۔
عدالت کے فیصلے کے مطابق دونوں پولیس افسران ڈی آئی جی سعود عزیز اور ایس پی خرم شہزاد کو واقعے کے فوری بعد جائے وقوعہ کو دھونے اور مقتول سابق وزیراعظم کا پوسٹ مارٹم نہ کرانے کے حوالے سے کیس پر اثر انداز ہونے پر سزا سنائی گئی۔ دونوں پولیس افسران کو 5، 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا جبکہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر 6، 6 ماہ مزید قید بھگتنا ہوگی۔