مکہ مکرمہ (ملت ٹائمز)
سعودی عرب سمیت کئی خلیجی ممالک میں آج (جمعہ کو) عید الاضحیٰ مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے ، جبکہ لاکھوں عازمین حج بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کی تیاریاں کر رہے ہیں جس کے بعد قربانی کرکے اپنے احرام کھول دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عید الاضحیٰ کے بڑے اجتماعات ہوئے جبکہ مزدلفہ میں مقیم لاکھوں عازمین منیٰ کی طرف روانہ ہو چکے ہیں جہاں وہ بڑے شیطان جمرة العقبة کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کریں گے اور پھر حلق (سر منڈوانا) کرکے اپنے احرام کھولیں گے۔ خیال رہے کہ شیطان کو کنکریاں مارنے کے عمل کو رمی کہتے ہیں۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں بھی انتہائی جوش و خروش کے ساتھ عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے ، یہاں عید کا سب سے بڑا اجتماع ابوظہبی کی شیخ زید مسجدمیں ہوا۔ علاوہ ازیں یورپ اور امریکہ میں بھی کروڑوں فرزندانِ توحید آج عیدالاضحیٰ منا رہے ہیں ، بحرالہند میں واقع مالدیپ میں بھی آج عید الاضحی منائی جارہی ہے ،اس کے علاوہ ہندوستان کی ریاست کیرالامیں بھی سعودی عرب کے مطابق آج عید الاضحی کی نماز اداکی گئی ہے ،بر صغیر ہندوپاک ،بنگلہ دیش اور نیپال سمیت کئی ممالک میں کل سنیچر کو عیدالاضحی منائے جائے گی ۔





