میانمار میں مسلمانوں کے قتل عام پر دنیا کی بے حسی برقرار،19 ستمبر کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں پوری قوت کے ساتھ اس مسئلے کو میں اٹھاﺅں گا :طیب اردگان

انقرہ(ملت ٹائمز)
میانمار کے صوبہ راکھین میں مسلمانوں کے ساتھ ہورہے بے انتہاءمظالم اور تشدد پر ترک صدر رجب طیب اردگان آج ایک مرتبہ پھر انتہائی سخت لب ولہجے میں عالمی طاقتوں کی مذمت کی اور کہاکہ میانمار میں مسلمانوں کے قتل عام پر دنیا کی بے حسی اب تک برقرار ہے اور کسی بھی حکمراں کو اس کے خلاف بولنے کی جرات نہیں ہورہی ہے ۔ 19 ستمبر کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں پوری قوت کے ساتھ اس مسئلے کو میں اٹھاﺅں گا۔
ترک میڈیا کے مطابق صدراردگان نے استنبول میں شہید فوجی کی رسم جنازہ میں شرکت کے بعد وہاں پر موجود عوام سے خطاب میں آراکان(راکھین) مسلمانوں کے المیہ پر توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ “دنیا میانمار کے قتل عام پر صدا بلند کرنے سے قاصر رہی ہے۔
طیب اردگان نے کہاکہ وہ 19 ستمبر کو سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کریں گے اور انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم کے عبوری صدر کی حیثیت سے 20 کے قریب عالمی سربراہان سے اس موضوع پر بات چیت بھی کی ہے کا مثبت فائدہ ہواہے اور او آئی سی نے میانمار حکومت کے خلاف بڑا اعلان بھی کردیاہے ۔
صدر نے کہا کہ ” بڑے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ میانمار میں وسیع پیمانے کی قتل و غارت ہوئی ہے۔ ان تمام غیر انسانی افعال کے سامنے دنیا نے چپ سادھے رکھی ہے۔ کیا آپ نے ٹیلی ویڑنز پر وہاں کے دردناک مناظر دیکھے ہیں۔۔ ترک ہلال احمر اور محکمہ آفات و ہنگامی صورتحال نے متاثرین تک امداد بہم پہنچائی ہے اور یہ عمل اب بھی جاری ہے۔