تل ابیب(ملت ٹائمزایجنسیاں)
اسرائیل کے مقامی اخبار کا کہناہے کہ اسرائیل میانمار کی فوج کو اسلحہ اور تربیت فراہم کررہا ہے جبکہ صہیونی حکومت نے میانمار کو سرحدی نگرانی کے لیے 100 سے زائد ٹینکس، اسلحہ اور کشتیاں فروخت کی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹار آئیڈیل سمیت متعدد اسرائیلی اسلحہ ساز کمپنیاں راکھائن ریاست میں روہنگیا مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے والی برمی اسپیشل فورسز کو فوجی تربیت فراہم کررہی ہیں۔ اسرائیلی اسلحہ کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر تصاویر بھی شائع کی ہیں جس میں اس کا عملہ راکھائن میں آپریشن کرنے والی میانمار کی اسپیشل فورسز کو جنگی تکنیک اور ہتھیاروں کی تربیت فراہم کررہا ہے۔
اسرائیل میں انسانی حقوق کے کارکنوں نے ملکی ہائی کورٹ میں میانمار کو اسلحہ کی فروخت بند کرنے کی پٹیشن دائر کردی ہے جس کی سماعت رواں ماہ ہوگی۔اسرائیلی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ عدالت کے پاس اسرائیلی حکومت کو اسلحہ بیچنے سے روکنے کا اختیار نہیں اور میانمار کو اسلحے کی فروخت سفارتی معاملہ ہے۔ اسرائیلی سماجی کارکن اوفر نیمین نے کہا کہ اسرائیل اور میانمار کے رشتے کا فلسطین پر قبضے سے بھی تعلق ہے۔ اسرائیلی حکومتیں کئی سال سے میانمار کو اسلحہ بیچ رہی ہیں، اس پالیسی کا فلسطین پر قبضے اور فلسطینی مسلمانوں کو بے گھر کرنے سے گہرا تعلق ہے، اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف استعمال ہونے والے ہتھیاروں کو ”آزمودہ“ کہہ کر دنیا کی بدترین حکومتوں کو فروخت کرتا ہے۔