ترکی کی خاتون اول نے بنگلہ دیش میں مہاجرین کمیپ کا لیا جائزہ ، مظلومین روہنگیا کے ساتھ جتائی ہمدردی

ڈھاکہ(ملت ٹائمز)
ترکی کی خاتون اول اور عالم اسلام کے ہر دلعزیز لیڈر ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی اہلیہ امینہ اردگان نے آج بنگلہ دیش میں واقع روہنگیا مہاجرین کے کمیپ کا جائزہ لیا ،ان سے ملاقات کی اور مسائل جاننے کی کوشش کرتے ہوئے ان سے صبر وتحمل سے کام لینے کی تلقین کی او رکہاکہ آپ تنہا نہیں ہیں،آپ پر ظلم نہیں ہونے دیا جائے گا ،آپ کی پور ی مدد کی جائے گی ،ہم سب ایک ہیں ،آپ ہمارے بھائی ہیں،اپنے بھائیوں کی مدد کرنا ہمارا فریضہ ہے ۔
بنگلہ دیش کے اخبار ڈیلی اسٹار کے مطابق آج بعد نماز ظہر محترمہ امینہ اردگان نے کوکس بازار کے علاقے کے کتم پلانگ میں واقع روہنگیا مہاجرین کے کیمپوں میں جاکر ان سے ملاقات کی ،محترمیہ امینہ کے ساتھ ترکی کے وزیر خارجہ میوت چاشقلواور بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ عبد الحسن محمود علی ،کوکس بازار کے کمشنر او ردیگر اعلی افسران موجود تھے ۔
مہاجرین سے ملاقات کے دوران محترمہ امینہ نے کہاکہ آپ پر ہونے والا ظلم قابل مذمت اور افسوسناک ہے ،ترکی کے صدر رجب طیب اردگان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اس موضوع کو بہت قوت کے ساتھ اٹھائیں گے اور بہت جلد مستقل حل نکالنے کا وہ اقوام متحدہ اور عالمی اداروں دباﺅ بنائیں گے ،وہ اس سلسلے میں مسلسل کوشاں ہیں اور میانمار میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کے تئیں بے انتہاءفکر منداور بے چین ہیں ۔محترمیہ امینہ نے مہاجرین سے کہاکہ آپ صبر اور حوصلہ رکھیں ،دنیا کا ہر انصاف پسند شخص آپ کے ساتھ ہے،آپ ہمارے بھائی ہیں ،ہم آپ کو ہر گز بے یا رودمددگار نہیں چھوڑ سکتے ہیں ۔
محترمہ امینہ نے تقریبا اس دوران بنگلہ دیش کی وزیر اعظم محترمہ حسینہ واجد سے بھی ملاقات کی اور روہنگیا بحران کا پائیدار حل نکالنے پر خصوصی بات چیت دونوں خاتون کے درمیان ہوئی۔
واضح رہے کہ آج صبح تین بجے محترمہ امینہ اردگان کا طیارہ شاہ جلال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ ہواجہاں بنگلہ دیش کے مرکزی اور متعدد افسران نے ان کا پرتپا استقبال کیا ۔