لندن(ملت ٹائمزایجنسیاں)
امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہاہے کہ روہنگیا کی مسلمان اقلیت کے خلاف برمی فوج کی کارروائیاں کسی صورت میں قابل قبول نہیں۔برما کی حکومت نہتے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے اور انہیں ہجرت پر مجبور کرنے کے اقدامات سے باز رہے۔
غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن کاپریس کانفرنس سے خطاب کے دوران برما کی فوج کے ہاتھوں نہتے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہناتھا کہ برما میں فوجی طاقت کے استعمال سے بڑی تعداد میں مسلمانوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا گیا ہے۔ میانمار کی فوج اور پولیس کے حملوں کے خوف سے مسلمان اقلیت پڑوسی ملکوں بالخصوص بنگلہ دیش کی طرف نقل مکانی پر مجبور ہیں انہوں نے کہا کہ امریکا برما میں جمہوریت کے فروغ کے لیے آن سانگ سوچی کی حمایت کرتا ہے مگر مسلمان اقلیت کے خلاف فوج کشی کسی صورت میں قبول نہیں۔