انقرہ(ملت ٹائمز)
ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی اہلیہ اور خاتون اول محترمہ امینہ اردگان نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی المناک حالت زار پر توجہ مبذول کرانے کے لیے عالمی سربراہان کی بیگمات کو ایک ایک خط بھیجا ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق امینہ اردگان نے اس خط میں بنگلہ دیش کے دورے کے حوالے سے اپنے خیالات کو قلم بند کرتے ہوئے روہنگیا مسلمانوں کو درپیش مصائب اور ترکی کی امدادی سرگرمیوں کا ذکر کیا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ علاقے میں جاری وحشیانہ کاروائیاں عالمی حقوق انسانی اعلامیہ کی سرِ عام خلاف ورزیاں ہیں۔عالمی سربراہان کی بیگمات سے ایک زوجہ، ایک ماں ، ایک عورت اور ایک انسان ہونے کے ناطے مخاطب ہونے والی محترمہ امینہ نے لکھا ہے کہ ” میں سمجھتی ہوں کہ بلا کسی نسلی و مذہبی تفریق کے ہم سب انسانی اقدار کے مطابق زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا ہے کہ عالمی برادری جلد از جلد اس حوالے سے اقدامات اٹھائے۔